پہلا ٹی 20، پاکستان نے بنگلادیش کو 37 سے شکست دیکر سیریز میں برتری حاصل کر لی

پاکستان نے بنگلادیش کو 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں 37 رنز سے شکست دے دی اور سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیشی ٹیم 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19 اعشاریہ 2 اوورز میں 164 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بنگلا دیشی کپتان لٹن داس نے 30 گیندوں پر 48 رنز کی باری کھیلی اور 3 چھکے بھی لگائے جبکہ دیگر کھلاڑی ذاکر علی 36، تنزید حسن 31 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے۔

بنگلا دیش کے توحید ہردوئی17، شریف الاسلام 5، پرویز حسین، شمیم حسین، رشاد حسین 4، 4، مہد حسن 2 اور تنظیم حسن 1 رن بنا کر پویلین لوٹے جبکہ حسن محمود نے 9 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔

پاکستان کے حسن نواز نے 5 وکٹ حاصل کیں جبکہ شاداب خان نے 2، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، خوشدل شاہ نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔

شاداب خان کو 48 رنز، 2 وکٹ اور 2 کیچز پکڑنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 201 کا مجموعی اسکور بورڈ پر سجا دیا۔

گرین شرٹس کی ابتدائی 2 وکٹ 5 کے اسکور پر گر گئیں، جس کے بعد سلمان علی آغا اور محمد حارث نے 48 رنز کی شراکت قائم کی۔

محمد حارث 53 کے اسکور پر 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کپتان نے حسن نواز کے ساتھ مل کر 65 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور 118 رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر سلمان علی آغا 56 رنز کی باری کھیل کر میدان چھوڑ گئے، انہوں نے 34 گیندوں پر 8 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔

اس کے بعد حسن نواز 44، شاداب خان 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف 11 اور حسن علی 1 کے رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔

بنگلادیش کے شریف الاسلام نے 2، رشاد حسین، شمیم حسین، حسن محمود، مہدی حسن، تنظیم حسن ثاقب نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان نے ٹاس جیتا

اس سے قبل آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں ٹاس کے لیے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور بنگلا دیشی قائد لٹن داس میدان میں اترے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو میں سلمان آغا نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، ٹیم کے تمام کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں۔

پاکستان الیون

میچ میں پاکستان کی حتمی الیون میں فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، سلمان علی آغا، حسن نواز، شاداب خان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، حسن علی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔

بنگلا دیشی ٹیم

بنگلا دیشی ٹیم میں تنزید حسن، پرویز حسین، لٹن داس، توحید ہردوئی، مہدی حسن، ذاکر علی، شمیم حسین، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، حسن محمود اور شریف الاسلام شامل تھے۔