’’ویژن سینٹرل ایشیا‘‘: ٹرانزٹ ٹریڈ میں اضافے کے لئے وزیراعظم فروری میں آذربائیجان اور ازبکستان کا دورہ کریں گے

پاکستان اپنی ’’وژن سینٹرل ایشیا‘‘ کی پالیسی کے تحت وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ روابط بڑھانے اور یوریشیا کے قفقاز خطے کے اہم ملک کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسی حکمت عملی کے تحت وزیراعظم شہباز شریف فروری کے تیسرے ہفتے میں آذربائیجان اور ازبکستان کا دورہ کریں گے۔ نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور بعض اہم وفاقی وزراء بھی ان کے وفد کا حصہ ہوں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کیساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے سمیت مختلف شعبوں میں معاہدے ہوں گے، وطن واپسی سے قبل وزیراعظم دو روز تک ازبکستان کا دورہ بھی کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ ازبکستان کو کراچی کی بندرگاہ کو اس کی ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے استعمال کرنے کی دعوت دیں گے اور اس ملک کے ساتھ اہم تجارتی معاہدوں پر دستخط کریں گے۔