پاکستان کسی سے دشمنی نہیں چاہتا، سب سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، عوام کے تحفظ اور سلامتی کے بنیادی قومی مفاد، ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کہ امن پسند قوم کی حیثیت سے پاکستان عالمی برادری کے تمام رکن ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنے کا خواہاں ہے اور کسی سے بھی دشمنی نہیں چاہتا۔

اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں سفراء کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان کے بابرکت موقع پر آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں جہاں یہ مقدس مہینہ نہ صرف روزہ رکھنے بلکہ قربانی اور نظم وضبط کا درس دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انہی اقدار کی موجودہ دور میں شدید ضرورت ہے کیونکہ ہم اس وقت مختلف شعبوں میں ہر سطح پر متعدد چیلنجوں میں گھرے ہوئے ہیں، تنازعات سے گھری اس دنیا میں رمضان کی روح ہمیں دنیا بھر میں امید اور امن کے پیغام کو پھیلانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین تمام پاکستانی شہریوں کو بلاتفریق یکساں انسانی حقوق کی فراہمی کا ضامن ہے اور آئین میں دیے گئے ان حقوق کو حقیقی شکل دینے کے لیے ہم نے متعدد قانونی اقدامات کیے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان میں ہر برادری کو اپنی عبادت گاہوں میں عبادت کرنے کی مکمل آزادی ہے اور پاکستانی معاشرے کے اس مثبت پہلو کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ امن پسند قوم کی حیثیت سے عالمی برادری کے تمام رکن ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنے کا خواہاں ہے اور کسی سے بھی دشمنی نہیں چاہتا اور میری حکومت ہمارے بانیان کے اس وژن پر عمل پیرا ہوتی رہے گی۔

انہوں نے اقوم متحدہ کی سلامتی کونسل میں حال ہی میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ میں فلسطین کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں اور ہم امید کرتے ہیں سیکیورٹی کونسل کی اس قرارداد پر فوری طور پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے گا اور فلسطینیوں کے خلاف جاری سفاکیت کا خاتمہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پرامن عام انتخابات کے بعد میری حکومت نے چند ہفتے قبل ہی اقتدار سنبھالا ہے اور معیشت کی بحالی، گورننس میں اصلاحات اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنا میری حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم تیز رفتار ترقی کے حصول کی راہ پر گامزن ہیں اور چیلنجوں کو مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے ہم تجارت کو فروغ، اقتصادی شراکت داری کے قیام اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کوشش کریں گے اور دوسرے ممالک کے ساتھ ہمارے دوطرفہ تعاون اور روابط کے لیے یہی بنیادی ستون کا کام انجام دیں گے۔

شہباز شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے ہمارے بنیادی قومی مفاد، ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے ذمہ دار رکن کی حیثیت سے پاکستان امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے علاقائی اور عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔