کراچی: فیڈرل بی ایریا میں 15 سالہ لڑکی نے والدہ کی بیماری سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔
متوفیہ کے ماموں امین محمد نے ایکسپریس نیوز کو بتایا اس کی بھانجی 15 سالہ دانیہ اپنی والدہ کے ہمراہ فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھی۔
اس کی والدہ کو گزشتہ 3 سال سے فالج ہوگیا تھا دانیہ حسین گزشتہ تین سال سے والدہ کی خدمت میں لگی ہوئی تھی جس کی وجہ سے اس نے تعلیم بھی چھوڑ دی تھی اور وہ مسلسل گھر میں رہتی تھی اور دوسرے بچوں کو دیکھ کر احساس کمتری میں آگئی تھی۔
کچھ سال قبل متوفیہ کے والد بھی اسکی ماں کو طلاق دے چکے ہیں، متوفیہ اپنی والدہ کی اکلوتی بیٹی تھی گھر کی کفالت متوفیہ کے ماموں کرتے تھے۔
منگل کو دانیہ نے دوسرے کمرے میں جاکر گلے میں رسی کا پھندا لگاکر پنکھے کے کنڈے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے عباسی شہید اسپتال میں قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔