حکومت کے مجموعی قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی۔
حکومت کے مجموعی قرضوں کے حجم میں اکتوبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2024 کے اختتام پر مرکزی حکومت کے مجموعی قرضوں کا حجم 69114 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر کے مقابلہ میں 0.7 فیصد کم ہے، ستمبر کے اختتام پر مرکزی حکومت کے مجموعی قرضوں کا حجم 69570 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اکتوبر کے اختتام پر حکومت کے اندرونی قرضوں کا حجم 47271 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر کے مقابلہ میں 0.6 فیصد کم ہے،ستمبر کے اختتام پر حکومت کے اندرونی قرضوں کا حجم 47536 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مرکزی بینک کے اعدادوشمارکے مطابق اکتوبر کے اختتام پر حکومت کے بیرونی قرضوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے،اکتوبر کے اختتام پر حکومت کے مجموعی بیرونی قرضوں کا حجم 21884 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو ستمبر کے مقابلہ میں 0.7 فیصد کم ہے، ستمبر میں حکومت کے مجموعی بیرونی قرضوں کا حجم 22034 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گیا ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مجموعی ڈالر ذخائر کی مالیت 16 ارب 62 کروڑ ڈالر ہو گئی ہے۔
ایک ہفتے میں مزید 62 کروڑ ڈالرکا اضافہ ہوا ہے،موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس اس وقت 4 ارب 58 کروڑ 17 لاکھ ڈالر موجود ہیں،اس طرح 29 نومبر کو ملک کے مجموعی زر مبادلہ کے ذخائر 16 ارب 62 کروڑ ڈالر پر پہنچ گئے۔