اب لوگوں کو پاسپورٹ جلد ملے گا: محسن نقوی

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اب پاسپورٹ آفس میں لوگوں کو عزت بھی ملے گی اور پاسپورٹ بھی جلد دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں انہوں نے اسٹیٹ آف دی آرٹ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفس کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کے 14 سے 16 شہروں میں نادرا دفاتر 24 گھنٹے کام کرتے ہیں، ان دفاتر میں اب پاسپورٹ آفسز بھی قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام نادرا سینٹرز میں شہریوں کو 24 گھنٹے پاسپورٹ بنوانے کی سہولت دی جائے گی، کراچی اور لاہور میں پاسپورٹ کے ماڈل سینٹر بھی بنائیں گے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں پاسپورٹس کا بیک لاگ مکمل ختم ہو چکا ہے، اب شہریوں کو مقررہ وقت میں پاسپورٹ ملیں گے، پہلے پاسپورٹس کا 6، 6 ماہ کا بیک لاک موجود ہوتا تھا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز کے حالات یکسر بدلے ہوئے تھے، اتھارٹی بنانے سے ادارے کے مسائل حل ہو سکتے ہیں، پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف ایف آئی اے کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔

ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے اس موقع پر کہا کہ وزیرِ داخلہ کے ویژن کے مطابق پاسپورٹ آفس کی سروسز میں بہتری لائی گئی ہے۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نئے استقبالیہ، آن لائن سیکشن، پروڈکشن سینٹر اور ڈیٹا سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاسپورٹ پروڈکشن میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اسٹاف کو اعزازی شیلڈ اور نقد انعام بھی دیے۔