پاکستان کی افغان صوبے پکتیکا میں فضائی کارروائی، 71 سے زائد خوارج ہلاک

غیر ملکی خبر ایجنسی اور نمائندہ جنگ ارشد عزیز ملک کی رپورٹس کے مطابق پاکستان نے افغان صوبے پکتیکا میں فضائی کارروائی کر کے اہم کمانڈرز سمیت 71 سے زائد خوارج کو ہلاک کردیا ہے۔

کارروائی میں خودکش جیکٹ کی فیکٹری سمیت دہشت گردوں کے 4 اہم مراکز کو تباہ کیا گیا۔ 

پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے اطراف کی آبادی کارروائی میں محفوظ رہی۔ 

افغان حکومت کے مطابق اس کارروائی میں 46 سویلین ہلاک ہوئے، افغان وزارت خارجہ نے کابل میں پاکستانی ناظم الامور سے واقعے پر احتجاج بھی کیا، مراسلے میں کہا کہ پاکستانی طیاروں نے افغان حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ 

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں خوارج کا ’عمر میڈیا سیل‘ اور 4 بڑے خارجیوں شیر زمان عرف مخلص یار، اختر محمد عرف خلیل، اظہار عرف حمزہ اور شعیب چیمہ کے ٹھکانے تباہ کیے گئے ۔ 

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ مشرقی صوبے پکتیکا کے ضلع برمل کے چار علاقوں پر پاکستانی بمباری سے 46 افراد ہلاک ہوئے۔