9 مئی کے ماسٹرمائنڈ کو بھی عدالتوں کا سامنا کرنا ہوگا، این آر او نہیں ملے گا: فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 9 مئی کے ماسٹرمائنڈ کو بھی عدالتوں کا سامنا کرنا ہوگا اورسزا بھی ہوگی، انہیں این آر او نہیں ملے گا۔

گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی گڑھی خدا بخش بھٹو مزار پر پہنچ گئے، فیصل کریم کنڈی نے شہید بینظیر بھٹو، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مزارات پر حاضری دی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کرم میں امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، صوبائی حکومت کرم کا ایک روڈ نہیں کھول سکتی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ علی امین گنڈا پور وفاق پر حملہ کرنے کے بجائے صوبے پر توجہ دیں، خیبرپختونخوا کے مسائل آپ سب کے سامنے ہیں، خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے۔

پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پہلے کہتے تھے یہ فارم 47 والے ہیں، آج انہی سے مذاکرات کر رہے ہیں، اب این آر او کے لیے ہر کسی کے پاؤں پڑنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ریاست کے خلاف جو کچھ کیا وہ کسی نے نہیں کیا، 9 مئی حملوں میں ملوث شرپسندوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا، ملک میں سزا و جزا کا عمل ضروری ہے۔