کراچی کے مختلف علاقوں میں پارا چنار کی صورتحال پر ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے احتجاجی دھرنے دیے جا رہے ہیں جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسٹار گیٹ اور ملیر15 پر احتجاجی دھرنے کے باعث شارع فیصل پر شدید ٹریفک جام ہے۔شارع فیصل پرکالا چھپرا اور شاہ فیصل کالونی میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ احتجاج کے باعث کئی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
مین نیشنل ہائی وے ملیر 15سے قائد آباد جانے والی سڑک بھی بند ہے، شارع فیصل سے کالا چھپرا آنے جانے والی دونوں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ ائیرپورٹ جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
نمائش چورنگی اور ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن کے قریب بھی دھرنا جاری ہے۔
نمائش چورنگی سے گرومندر جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ عباس ٹاؤن سے سپر ہائی وے جانے اور آنے والی سڑک بھی بند ہے۔
نمائش چورنگی پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ حسن ظفر نے کہا کہ پارا چنار کے عوام چاروں طرف سے محاصرے میں ہیں، حکومت کرم کے راستے کھولنے میں دیر کر رہی ہے، صورتحال یہی رہی تو پاکستان کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں دھرنے شروع ہو جائیں گے۔