سینیٹر عرفان صدیقی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان مقرر

وزیراعظم شہبازشریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کو حکومتی اتحادی کمیٹی کا ترجمان مقرر کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومتی کمیٹی کا ترجمان مقرر کردیا۔

قبل ازیں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیوں نے پہلے اجلاس میں ہی خود کو بیرونی ماحول اور بیانات سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا، ہم "آؤٹ آف دی وے" جاکر کامیابی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیانات کو نہیں، اُن کی نامزد کردہ کمیٹی کے تحریری مطالبات کو دیکھیں گے، پی ٹی آئی خود بھی حکومت میں رہی ہے، جانتی ہے کہ جیلوں سے نکلنے یا نکالنے کا کیا آئینی وقانونی طریقہ ہے؟

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ کسی کا قید ہونا ڈیڈ لاک نہیں کہلا سکتا، ماضی میں بڑے بڑے سیاسی رہنما لمبے عرصے تک جیلوں میں رہے ہیں، پی ٹی آئی سے بات چیت کے آغاز اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کی منظوری شامل ہے۔