پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے نامساعد حالات میں پھنسے ہندوستانی بحری جہاز کے عملے کوکامیاب آپریشن کے دوران ریسکیو کیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بھارتی کارگو بحری جہاز ڈھو تاجدارے حرم کے عملے کے 9 ارکان کو بچانے کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کامیابی سے کیا۔
ہندوستانی بحری جہازکراچی سے تقریباً 120 سمندری میل جنوب میں موجود تھا جس میں 26 دسمبر کو تقریباً 1100 بجے جہاز میں پانی کے داخل ہونے کی اطلاع ملی اور عملے کے اراکین نےجہاز کو چھوڑ کر لائف رافٹ میں پناہ لی۔
میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سنٹر (ایم آر سی سی) ممبئی سے حادثے کی اطلاع ملنے پر پی ایم ایس اے نے فوری طور پر ایک مربوط ریسکیو آپریشن شروع کیا،پی ایم ایس اے کے اک طیارہ کو حادثے کی جگہ پر بھیجا گیا جس نے کامیابی سے زندہ بچ جانے والوں کا پتہ لگایا اور قریبی تجارتی جہازوں اور پی ایم ایس اے کے جہازوں کو جائے حادثہ پر بھیجا اور بعد میں بحالی کے لیے قریبی ہندوستانی پانیوں میں کام کرنے والے ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے جہاز کو بھی سہولت فراہم کی۔
اعلامیے کے مطابق یہ گزشتہ تین ہفتوں میں پی ایم ایس اے کا دوسرا کامیاب آپریشن ہے۔ 4 دسمبر کو پی ایم ایس اے نے اسی طرح کے مشن میں ایم ایس وی پیرانِ پیر سے عملے کے 12 ہندوستانی ارکان کو بچایا،پی ایم ایس اے سمندری حفاظت کو یقینی بنانے اور SOLAS (سمندر میں زندگی کی حفاظت) کنونشن کے تحت بین الاقوامی ذمہ داریوں کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔ اس طرح کے آپریشنزمیری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی قومیت سے قطع نظرسمندر میں جانیں بچانے اور علاقائی بحری تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی نشاندہی کرتے ہیں۔