پاک ترک دوستی سرحدوں کی محتاج نہیں: عطاء اللّٰہ تارڑ

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کی دوستی سرحدوں کی محتاج نہیں ہے، یہ دوستی سرحدوں سے آگے ہے۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ترک کلچرل سینٹر یونس ایمرے مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مثالی دوستی ہے۔

عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کی حکومتوں میں مثالی دوستی ہے مگر عوام کا تعلق بھی مضبوط ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شاعر اور یونس درویش کہلائے جانے والے یونس ایمرے کے نام سے کلچر سینٹر کو منسوب کیا گیا ہے، استنبول کے دورے میں ترکیہ کے ساتھ شراکت داری کو مزید بڑھانے پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ کونیا میں مولانا رومی کے مزار کے پاس علامہ اقبال کا بھی علامتی مزار ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کلچر ٹو کلچر اور عوام سے عوام کا رابطہ بڑھایا جانا چاہیے۔