اسلام آباد:
پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے، تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے دو مطالبات پیش کرے گی۔
پی ٹی آئی کا وفد مذاکرات کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گیا، عمر ایوب، علامہ راجہ ناصرعباس، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجا وفد میں شامل ہیں کچھ دیر بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔
قبل ازیں اسد قیصر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ مذاکرات کا پراسس طویل ہوتا ہے دو ملاقاتوں میں کچھ نہیں ہوتا، ہم حکومت کی سنیں گے اور اپنی بات بھی کریں گے۔
صحافی نے پوچھا کہ کیا آج بانی چیئرمین کا پیغام بھی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین کا ایک ہی پیغام ہے کہ ہمارے دو مطالبات ہیں جنہیں تسلیم کیا جائے۔
مذاکرات سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی جس میں رانا ثنا اللہ بھی موجود تھے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں میٹنگ کی جس میں سلمان اکرم راجا نے رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کا احوال بتایا۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام کمیٹی ممبران تک پہنچایا اور کہا کہ حکومت کے سامنے دو مطالبات سامنے رکھے جائیں، نو مئی 26 نومبر واقعات کی تحقیقات کےلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اسیر پی ٹی آئی رہنماؤں اور ورکرز کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے۔
صحافی نے عمر ایوب سے پوچھا کہ کیا اپنے مطالبات تحریری طورپر دے رہے ہیں؟ اس پر عمر ایوب نے کہا کہ مشاورت کرکے بتادیں گے۔ صحافی نے پھر پوچھا کہ کیا اصلی مذاکرات کہیں اور ہورہے ہیں اس پر عمر ایوب نے کہا کہ ہم تو اس ایوان کے ارکان ہیں ہم تو یہیں مذاکرات کررہے ہیں۔