متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے کل سے شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کریک ڈاؤن بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق تنور مالکان کے خلاف ناجائز مقدمات، جرمانے اور دکانیں سیل کی جا رہی ہیں۔ سرکاری نرخ پر نان کی فروخت میں تنور مالکان کو نقصان ہو رہا ہے۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ شٹر ڈاؤن ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ تنور مالکان کے خلاف جاری کریک ڈاون بند کیا جانا چاہیے۔
دوسری طرف وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پنجاب بھر میں اس وقت روٹی اور نان کم کی گئی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر دستیاب ہیں۔
بلال یاسین نے مزید کہا کہ ایک ماہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1000 روپے سستا ہوا ہے۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں 1700 سے 1800 روپے جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 900 روپے میں دستیاب ہے۔
اس سے قبل صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن پنجاب کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ناجائز جرمانے اور مقدمے درج کرنے کے خلاف بطور احتجاج تنور بند کیے جا رہے ہیں۔ اپنی مرضی سے روٹی اور نان کی قیمت مقرر کر کے تنور مالکان کے خلاف ناجائز کارروائیاں جاری ہیں۔