لاہور ہائیکورٹ کے باہر مقدمات کے خلاف وکلا کا احتجاج شدید ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہو گیا۔ وکلاء پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا۔
وکلا کی جانب سے سول عدالتوں کی منتقلی اوردہشت گردی کے مقدمات کے خلاف وکلا نے ایوان عدل سے لاہور ہائیکورٹ تک احتجاجی ریلی نکالی، احتجاجی مظاہرین جی پی او چوک پہنچے تو پولیس نے وکلاء کو ہائیکورٹ میں داخلے سے روکنے کی کوشش کی۔
وکلا کے احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی، پولیس نے وکلا پر بدترین لاٹھی چارج کیا اور انہیں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔
پولیس کی جانب سے وکلاء کو منتشر کرنے کے لئے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا گیا، پولیس نے جی پی او چوک کا کنٹرول سنبھال کر مظاہرین کو وہاں سے منتشر کر دیا۔
پولیس نے مظاہرے میں شریک وکلا کو گرفتار بھی کیا، وکلا نے جی پی او چوک اور ہائیکورٹ کے باہر لگے بیریئرز کو ہٹا دیا، وکلا کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا جس کے نتیجے میں ایس پی ماڈل ٹاؤن زخمی ہو گئے۔
ایس ایس پی علی کا کہنا تھا کہ وکلاء نے پہلے پولیس پر پتھراؤ کیا، وکلاء کے پتھراؤ کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔وکلا مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کررہ گیا۔
واضح رہے کہ وکلا سول عدالتوں کی منتقلی اوردہشتگری کے مقدمات کے خلاف حالیہ چند روز سے احتجاج کررہے ہیں۔