تاریخی و سیاحتی مقامات اور تفریح کے منفرد ذرائع دنیا بھر کے سیاحوں کو ترکیہ کی طرف تیزی سے متوجہ کر رہے ہیں۔ ہر سال بڑی تعداد میں پاکستانی بھی سیاحت کی غرض سے ترکیہ جاتے ہیں۔
ترکیہ جانے کے لیے ویزا کا حصول لازم ہے۔ پاکستان میں اناطولیہ ویزا ایپلی کیشن سینٹرز ترکیہ کے وزٹ ویزے کے لیے درخواستیں قبول کرتے ہیں۔ ترکیہ کے وزٹ ویزا کی درخواست کے ساتھ بینک اسٹیٹمنٹ، ہیلتھ انشورنس، فوٹو،فنگر پرنٹس، ایئر ٹکٹ کی تفصیل، ہوٹل کی ریزرویشن اور دیگر امور کی تفصیل بھی جمع کروانا پڑتی ہے۔
پاکستانیوں اور پاکستان سے سفر کرنے والے غیر ملکیوں کو ویزا فیس شرحِ مبادلہ کے مطابق پاکستانی کرنسی میں ادا کرنا ہوتی ہے۔ ویزا فیس واپس نہیں لی جاسکتی۔ ترکیہ میں ایک بار داخل ہونے کی ایمبیسی فیس 60 امریکی ڈالر اور کئی بار داخل ہونے کے لیے 190 امریکی ڈالر ہے۔ 19 اپریل کی شرحِ مبادلہ کے مطابق ایک امریکی ڈالر 280 پاکستانی روپے کے مساوی ہے اس لیے سنگل انٹری ویزا فیس 16 ہزار 800 روپے اور ملٹیپل انٹری فیس 53 ہزار 200 روپے ہے۔
اناطولیہ ویزا ایپلی کیشن سینٹر نارمل ایپلی کیشن پر 65 امریکی ڈالر اور وی آئی پی ایپلی کیشن پر 80 امریکی ڈالر سروس فیس وصول کرتے ہیں۔
ترک سفارت خانے یا قونصل خانے کی ہدایات کے مطابق ترکیہ جانے کے خواہش مند افراد کو 3، 6 یا 12 ماہ کی بنیاد پر ترکیہ اِن کمنگ ٹریول ہیلتھ انشورنس بھی حاصل کرنا چاہیے۔ صرف اناطولیہ ویزا ایپلی کیشن سینٹرز سے دستیاب ٹریول ہیلتھ انشورنس ہی قبول کیا جائے گا۔ جس تاریخ کو ویزاے کے لیے درخواست جمع کرائی جائے گی اُسی وقت سے ٹریول ہیلتھ انشورنس کی میعاد بھی شروع ہوجائے گی۔
تین ماہ کا ٹریول ہیلتھ انشورنس 55 امریکی ڈالر، 6 ماہ کا ٹریول ہیلتھ انشورنس 75 ڈالر اور ایک سال کا ٹریول ہیلتھ انشورنس 95 امریکی ڈالر ہوگا۔