وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چیلنجز پر قابو پا کر ایٹمی قوت بنا، 2کروڑ 60لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے جو چیلنج ہے،ہم تعلیمی شعبے میں اصلاحات کے لیے کوشاں ہیں۔
وزیراعظم نے شعبہ تعلیمی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے لیے کوشاں ہیں، ملک میں بچوں کا اسکولوں سے باہر ہونا تشویشناک ہے ،پاکستان تعلیمی سیکٹر میں کام کررہاہے ، 2کروڑ 60لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے جو چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دہشت گردی ملک کے لیے بڑا چیلنج ہے ، ہم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 80ہزار جانوں کا نذرانہ دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بے شمار مواقع آئے جب پاکستان کا رخ ترقی کی جانب موڑاجاسکتاتھا،لیکن بدقسمتی سے ہر دفعہ ترقی کا راستہ روکا گیا۔ کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے عزم اور حوصلےسے کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے، قائداعظم نے فرمایا تھا تعلیم قوم کیلئے زندگی اورموت کا مسئلہ ہے۔
میں نے بطوروزیراعلیٰ پنجاب بچوں کیلئے تعلیمی وظائف اور یونیفارم کا بندوبست کیا، برطانوی حکومت کے تعاون سے ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ قائم کیے اور ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، 2008سے2018کے درمیان جبری مشقت کا خاتمہ کیا، ہم نے بچوں سے مشقت کروانے والے والدین کو ان کی تعلیم کیلئے رقم دی۔
وزیراعظم نے اسکول سےباہر2کروڑ60 لاکھ بچوں کےاسکولوں میں اندراج کرانے کےعزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعلیم کے شعبے کی خود نگرانی کروں گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان چیلنجز پر قابو پا کر ایٹمی قوت بنا، اگر ہم یکسوہو کر چلتے رہے توپاکستان ہر شعبے میں اپنا نام پیدا کرے گا۔