پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے مزید 2 گنیز ورلڈ ریکارڈز توڑ دیے

پاکستانی مارشل آرٹ کھلاڑی عرفان محسود نے اٹلی کے مارسیلو فیری کے 2 گنیز ورلڈ ریکارڈز توڑ دیے۔

اٹلی کے مارسیلو فیری نے پاؤں کے انگوٹھے سے 40 پاؤنڈ وزن کو 1 منٹ 32 سیکنڈز تک اٹھا کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔ 

تاہم اب جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی عرفان محسود نے 40 پاؤنڈ وزن کو 3 منٹ 20 سیکنڈز تک اٹھا کر ریکارڈ توڑ دیا۔ 

عرفان محسود نے پاؤں کے انگوٹھے سے 70 کلو وزن اٹھا کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ 

عرفان محسود 8 سال کے کم عرصے میں 100 گنیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پہلے پاکستانی  ہیں۔ 

عرفان محسود نے پش اپس کیٹیگری میں دنیا بھر میں سب زیادہ 46 گنیز ورلڈ ریکارڈز قائم کیے ہیں۔

انہوں نے 100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 31 ریکارڈز بنائے ہیں اور اب تک 100 پاؤنڈ، 80 پاؤنڈ، 60 پاؤنڈ اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ سب سے زائد ورلڈ ریکارڈز بھی انہی کے نام ہیں۔ 

عرفان محسود کا کہنا ہے کہ انہوں نے اب تک امریکا، برطانیہ، بھارت، چین، ناروے سمیت 16 ممالک کے ریکارڈز توڑ دیے ہیں اور ان کے 16 شاگرد بھی گنیز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں۔ 

ان کو سال 2023 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارگردگی دیا گیا تھا۔