یہ ہمت ہارتے تو کہتی تھی والدین اور بیگم کی دعائیں ساتھ ہیں، اہلیہ ارشد ندیم

پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی اہلیہ نے کہا ہے کہ جب کبھی ارشد ہمت ہارتے تھے تو ہم ان کی ہمت باندھتے تھے۔

گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں 40 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر لانے والے ارشد ندیم کے اعزاز میں پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ارشد ندیم کے والدین سمیت انکی اہلیہ اور بچوں نے بھی شرکت کی۔

دورانِ تقریب میزبان نے ارشد ندیم کی اہلیہ سے سوال کیا کہ ارشد ندیم کے گولڈ میڈل لانے سے متعلق آپ کتنا پُرامید تھیں؟ جس پر اہلیہ ارشد ندیم بولیں کہ ‘بہت زیادہ پُرامید تھیں’۔

ایک اور سوال کے جواب میں انکی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جب ارشد تھرو پھینک رہے تھے تو ٹینشن تو ہو رہی تھی لیکن دعا بھی کر رہی تھی کہ اللہ پاک ارشد کو کامیاب کریں اور وہ گولڈ میڈل لے کر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کی بھی دعائیں ان کے ساتھ تھیں، ان کے والدین کی بھی اور ہماری بھی دعائیں ان کے ساتھ تھیں۔ جب کبھی ارشد ندیم ہمت ہارتے تھے تو ہم ان کی ہمت باندھتے تھے اور ان سے کہتے تھے کہ آپ نے ہمت نہیں ہارنی۔