راشد خان نے اپنی سالگرہ والے دن جنوبی افریقا کیخلاف 5 وکٹیں لیکر ناصرف اپنی سالگرہ کو یادگار بنا دیا بلکہ افغانستان کو سیریز میں فیصلہ کن برتری بھی دلوادی۔
شارجہ میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے رحمان اللہ گرباز کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دیا، عظمت اللہ عمر زئی نے بھی 86 اور رحمت شاہ نے 50 رنز کی اننگز کھیلیں۔
جواب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم صرف 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اس طرح افغانستان نے میچ 177 رنز سے جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
میچ کی خاص بات افغانستان کے کپتان راشد خان کی اپنی سالگرہ والے دن تباہ کن بولنگ تھی جنہوں نے صرف 19 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
راشد خان نے اپنی سالگرہ والے روز 5 وکٹیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر کے منفرد کارنامہ سرانجام دیا ہے، وہ پہلے انٹرنیشنل کرکٹر ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
شارجہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بھی افغانستان نے جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر پروٹیز کے خلاف کسی بھی فارمیٹ میں پہلی تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔