انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھارت کے بغیر کھیلنے کا کوئی آپشن زیر غور نہیں ہے، البتہ پاکستان نہ جانے کی صورت میں متبادل آپشن پر غور کیا جارہا ہے۔
ملتان میں برطانوی صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیئرمین رچرڈ تھامپسن اور سی ای او رچرڈ گولڈ نے کہا کہ کرکٹ کو براڈکاسٹنگ رائٹ کو بچانا چاہیے، بھارت کے پاکستان نہ جانے پر ہائبرڈ ماڈل کے امکانات اب زیادہ ہورہے ہیں تاہم ٹیم کی آمد سے متعلق حتمی فیصلہ بھارتی حکومت پر منحصر ہے۔
رچرڈ تھامپسن کا کہنا تھا کہ چیمپئینز ٹرافی میں بھارت کا شرکت نہ کرنا کرکٹ کے مفاد میں نہیں ہوگا، بھارتی بورڈ کے سابق سیکرٹری جے شاہ جو اب آئی سی سی کے سربراہ ہوں گے ان کا اس معاملے میں اہم کردار ہوگا، چند روز میں آئی سی سی کی میٹنگز ہیں ان میں آئی سی سی کے مختلف آپشن زیر غور آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان جب کھیلتے ہیں تو اس خطے میں سکیورٹی کے خدشات ہوتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے نہ کھیلنے سے براڈکاسٹنگ رائٹس پر بہت منفی اثر پڑےگا اور ہمیں اس کا تحفظ کرنا ہے، اگر ایسے حالات آتے ہیں تو بہت سے آپشن دستیاب ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا لمحہ ہے اور امیدہے پاکستان میں پورا ایونٹ دیکھ سکیں گے، یہ معاملہ بھارت اور پاکستان کےدرمیان ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ کوئی راستہ نکال لیں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی چیمپئینز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے مؤقف پر قائم ہے، ایونٹ کے حوالے سے اسٹیڈیمز کی تمام تزئین و آرائش تیزی سے جاری ہے۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق چیمپئینز ٹرافی تمام ٹیموں اور فینز کیلئے ایک یادگار اور ورلڈکلاس ایونٹ ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی بورڈ نے پاکستان کو 2021 میں چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی دی تھی۔