ملتان: تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے تیسرے روز کےکھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ پر 36 رنز بنالیے ہیں اور اسے ٹیسٹ جیتنے کے لیے 261 جب کہ پاکستان کو 8 وکٹیں درکار ہیں۔
پاکستان کی پوری ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہوگئی، انگلینڈ کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 297 رنز درکار ہیں۔
ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ ایک رن پر گرگئی، بین ڈکٹ صفر پر ساجد علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے خلاف مہمان ٹیم کی دوسری وکٹ 11 رنز پر گری جب زک کراولی 3 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔
تیسرے روز کے کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے 2 وکٹ کے نقصان پر 36 رنز بنالیے ہیں اور اسے ٹیسٹ جیتنے کے لیے 261 جب کہ پاکستان کو 8 وکٹیں درکار ہیں۔
انگلینڈ کے اولی پاپ 21 اور جو روٹ 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان کی دوسری اننگز
اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 221 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 297 رنز کا ہدف ملا۔
پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا اور 9 کے مجموعے پر عبد اللہ شفیق صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ کپتان شان مسعود بھی 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، دونوں کھلاڑیوں کو ثاقب بشیر نے آؤٹ کیا۔
صائم ایوب پاکستان کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جبکہ پہلی اننگز کے سنچری اسکورر کامران غلام 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی 23 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
ان کے بعد صرف سلمان علی آغاز نے مزاحمت کی تاہم وہ بھی 63 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 296 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔
اس سے قبل آج صبح انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 239 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن 248 رنز پر ساجد خان نے برینڈن کیرس کو 4 رنز پر پویلین لوٹا دیا اور اننگز میں اپنا پانچواں شکار کیا جبکہ اگلے آنے والے کھلاڑی میتھیو پوٹس کو بھی ساجد خان نے بولڈ کیا، انہوں نے 6 رنز اسکور کیے۔
جیمی اسمتھ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیک لیچ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں نعمان علی کے حصے میں آئیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کامران غلام کی سنچری کی بدولت 366 رنز اسکور کیے تھے جبکہ انگلینڈ نے کھیل کے دوسرے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے تھے۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی، مہمان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔