امام الحق کی بابر کے حق میں انسٹاگرام اسٹوری وائرل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے ساتھی کرکٹر اور اچھے دوست بابر اعظم کے حق میں انسٹاگرام پر ایک اسٹوری پوسٹ کی جو وائرل ہوگئی۔

بابر اعظم ان دنوں ایک بار پھر تنقید کی زد میں ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی بابر کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور گرین شرٹس کو وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کچھ تماشائی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں فیلڈ پر موجود بابر اعظم کو بری طرح تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔

سڈنی گراؤنڈ کے اسٹینڈز میں موجود کچھ تماشائیوں نے بابر اعظم جو باؤنڈری کے پاس فیلڈنگ کررہے تھے، کو کہا کہ ' اوئے اوئے کوئی شرم کرلے، تیری ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، واپس لاہور چلا جا'۔ 

بابر نے بدتمیزی کرنے والے تماشائیوں کی جانب دیکھا اور انہیں کوئی جواب نہیں دیا۔

یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ساتھی کرکٹر امام الحق نے وہی ویڈیو پوسٹ کی اور ساتھ لکھا کہ'ہم بحیثیت قوم فیل ہوچکے ہیں، سپورٹ کرنے کی بجائے مذاق اڑیا جارہا ہے، بابر آپ اب بھی چیمپئن ہیں'۔ 

سڈنی میں تماشائیوں کے بابر پر طنز، امام کی بابر کے حق میں انسٹا اسٹوری وائرل
فوٹو: امام الحق انسٹاگرام اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی جبکہ اسے کینگروز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بری طرح شکست ہوئی۔

پاکستان ٹیم اب زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کھیلے گی۔