معین خان پاکستانی کرکٹرز کے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر ناراض

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے قومی کھلاڑیوں کے بھارتی کرکٹرز کے ساتھ غیر ضروری دوستانہ تعلقات پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

معین خان نے اداکارہ اشنا شاہ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی کرکٹرز اور بھارتی کھلاڑیوں کے درمیان اسٹیڈیم میں ہونے والے رویے پر تنقید کی۔ اشنا شاہ نے سوال کیا کہ ماضی میں ہمارے کھلاڑیوں کو بھارت سے محبت ملتی تھی، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ وہ خاص طور پر ویرات کوہلی اور دوسرے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستانی کرکٹرز کی سیلفیز اور تعلقات پر سوال اٹھا رہی تھیں، جب کہ بھارت کی طرف سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویسا پیار نہیں ملتا۔

معین خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ بات افسوسناک لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ عزت کا رشتہ ہے، لیکن ایک وقت تھا جب پاکستانی ٹیم بھارت سے آگے تھی، جبکہ اب بھارتی ٹیم ہماری ٹیم سے بہتر ہے۔ ان کے مطابق، جب وہ کرکٹر تھے، سینئر کھلاڑیوں اور کپتانوں کی طرف سے حریف ٹیم سے بات کرنے سے منع کیا جاتا تھا کیونکہ اس کا مقصد حریف پر دباؤ ڈالنا تھا۔

معین خان کا کہنا تھا کہ اگر آپ حریف سے ضرورت سے زیادہ دوستانہ تعلقات رکھیں گے، تو وہ آپ کو اپنی سطح کا نہیں سمجھیں گے اور آپ خود کو ذہنی طور پر کمزور محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے بھارتی کرکٹرز کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، لیکن میدان میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وہ کسی بھارتی کھلاڑی سے اتنا زیادہ دوستانہ رویہ اختیار کریں۔

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کوشش کی کہ کھلاڑیوں کو سمجھائیں کہ ایسے رویے سے گریز کریں۔ ان کے مطابق، وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے بڑے کھلاڑیوں کو بھی کبھی بھارتی کرکٹرز کے ساتھ مذاق کرتے یا سیلفی لیتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔