ممبئی: بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کے شوہر اور معروف بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ہم شکل ترک اداکار کی تصاویر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ایک ریڈ اِٹ صارف نے ترکیہ کے مشہور ڈرامہ "ارطغرل غازی" کے اداکار جاوت جیتن گونر کی تصویر شیئر کی، جن کی شکل حیرت انگیز طور پر ویرات کوہلی سے مشابہت رکھتی ہے۔
صارف نے تصویر کے ساتھ مزاحیہ کیپشن لکھا: "انوشکا شرما کے شوہر کا ٹی وی شو ڈیبیو"۔ یہ پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی صارفین نے جاوت جیتن گونر اور ویرات کوہلی کی مزید تصاویر شیئر کرنا شروع کر دیں۔
بہت سے صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے، ایک صارف نے لکھا: "مجھے یقین نہیں آرہا کہ یہ ویرات کوہلی نہیں ہیں!" جبکہ ایک اور نے کہا: "جب میں نے پہلی بار ارطغرل غازی دیکھا، تو لگا جیسے کوہلی ترک سیریز میں اداکاری کر رہے ہیں!"
یاد رہے کہ جاوت جیتن گونر نے "ارطغرل غازی" میں دوغان بے کا کردار ادا کیا تھا، اور اس سے قبل بھی ان کی کوہلی سے مشابہت کے چرچے سوشل میڈیا پر ہو چکے ہیں۔