انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی کامیاب انعقاد پرمیزبان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور 5 میچوں کے انعقاد کے لیے امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا شکریہ ادا کیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک انعقاد ہوا، پاکستان نے 1996 کے بعد عالمی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کی، ٹورنامنٹ 4 مقامات پاکستان میں کراچی، لاہور اور راولپنڈی اور دبئی میں کھیلا گیا۔
بھارت نے اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ ہم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ 1996 کے بعد سے ملک میں کھیلا جانے والا پہلا عالمی کرکٹ ٹورنامنٹ تھا، اس لیے یہ ایونٹ پی سی بی کے لیے بہت اہمیت کا حامل تھا، مزید کہا کہ تمام لوگوں کی کوششوں پر بہت فخر ہونا چاہیے، جو اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش، کھیل کی سطحوں کی تیاری، ٹیموں اور مہمانوں کی میزبانی میں شامل ہیں۔
جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ آئی سی سی ایمریٹس کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہے گا کہ دبئی میں 5 میچوں کا انعقاد کیا گیا اور مردوں اور خواتین کے بڑے ایونٹس کے انعقاد میں آئی سی سی کو بھرپور تعاون فراہم کرنا جاری رکھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ نے ایک بار پھر آئی سی سی ایونٹس کی اہمیت کو ظاہر کیا کیونکہ دنیا بھر کے شائقین نے میچز مقامات پر یا سیٹلائٹ اور ڈیجیٹل چینلز پر بڑے جوش و خروش سے دیکھے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کو زبردست ایونٹ بنانے پر 8 شریک ٹیموں کا شکریہ اور بھارت کو ایک یادگار فائنل میں تیسرا چیمپئنز ٹرافی ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد۔