چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ، پاکستان بھارت کیخلاف میچ ہارا تو کیا ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوجائیگا؟

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا اور شو پیس میچ اتوار یعنی آج دبئی میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے جارہا ہے۔

ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ جیتنا ضروری ہے، دوسرا میچ ہار ا تو پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوسکتا ہے۔

ہیڈکوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاک بھارت ٹاکرا ہائی وولٹیج، دلچسپ اور کرکٹ کی روح ہے۔ میچ کے لیے شائقین کرکٹ میں جوش وخروش عروج پر ہے اور ہائی وولٹیج میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔

دنیا میں کروڑوں شائقین کرکٹ کی نظریں اس میچ کے نتیجے پر مرکوز ہیں۔حیران کن طور پر بابر اعظم نے ہفتے کو میچ سے قبل میچ میں پریکٹس نہیں کی۔

غیر مستقل مزاج کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کے بارے میں ماہرین کی رائے دینے سے گریز

ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹیم ہوٹل میں جم اور پول سیشن میں حصہ لیا، میچ دو بجے شروع ہوگا۔ حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر بھارت فیورٹ ہے اور غیر مستقل مزاج کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کے بارے میں ماہرین رائے دینے سے گریز کررہے ہیں۔

ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ فخر زمان میچ ونر ہے، لیکن آپ کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کرسکتے، ہماری ٹیم اب بھی مضبوط ہے، ہم میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

ٹیم کا ماحول بہت اہم ہوتا ہے، اگر آپ نوجوان پلیئرز کو بتائیں کہ پریشر ضرور ہوتا ہے لیکن یہ ایک میچ ہے، جائیں اپنا ٹیلنٹ دکھائیں اور نتائج کو بھول جائیں۔ڈر ہوتا ہے کہ ہار گئے تو کیا ہو گا؟ کچھ بھی نہیں ہوتا، دلیری سے کرکٹ کھیلنی ہے، جو رزلٹ ہوگا 8 گھنٹے میں سب کے سمجھ آجائے گا۔

پاک بھارت میچ چاہے 10 میچز جیتنے کے بعد بھی ہو یا 6 ہارنے کے بعد بھی ہو، اس سے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی خوبصورتی بدل نہیں سکتی، سارے شائقین کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیں پھر بھی پاک بھارت میچ کا دباؤ رہے گا۔

دباؤ کو مینج کرنا ہی کھلاڑیوں کا کام ہے۔ پاک بھارت میچ سے دباؤ ختم کردیں تو کیا بچے گا؟ دباؤ کا ہی تو مزہ ہے۔ پاک بھارت ٹاکرا ہائی وولٹیج، دلچسپ اور کرکٹ کی روح ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے60رنز سے شکست دی تھی۔ بھارت نے بنگلا دیش کے خلاف پہلا میچ چھ وکٹ سے جیتا تھا۔پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپئن ہے جبکہ بھارت سابق چیمپئن ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل پانچ ون ڈے میچ ہوئے ہیں، پاکستان نے تین اور بھارت نے دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اوول میں 2017 کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 180رنز کی بدترین شکست سے دوچار کیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 135میچ ہوئے ہیں۔ پاکستان نے 73 میچ جیتے، بھارت 57 میں کامیاب رہا۔ پانچ میچوں کا نتیجہ نہ آسکا۔ نیوٹرل وینیو پر پاکستان نے 40 اور 34 میں بھارت کو فتح ملی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان ٹاس سے قبل ہوگا

ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان ٹاس سے قبل کریں گے۔ پاکستان ٹیم متوازن ہے، ہماری ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نظر نہیں آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پریشر ہوتا کیا ہے؟ اچھا کرو اور اگر اچھا نہ ہوا تو کیا ہوگا، تو یہ ساری چیزیں میچ سے پہلے اور میچ کے بعد کی ہیں، ابھی تو سب قیاس آرائیاں ہی کر رہے ہیں کہ اس میچ میں کیا ہوگا، یہی خوبصورتی ہے کہ کیا ہوگا۔ کسی کو کچھ پتا نہیں ہے۔