پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سمیع الحسن برنی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
پی سی بی کے مطابق، سمیع الحسن نے دسمبر 2024 میں ہی اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا، اور ان کی مدتِ ملازمت کا باضابطہ اختتام آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے بعد ہوا۔
سمیع الحسن برنی کرکٹ میڈیا انڈسٹری کا ایک جانا پہچانا نام ہیں۔ وہ 13 سال تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ہیڈ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ اس سے قبل وہ 2002 سے 2004 تک توقیر ضیاء کے دور میں پی سی بی کے جنرل منیجر میڈیا بھی رہ چکے ہیں۔
2019 میں انہوں نے دوبارہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں شمولیت اختیار کی اور میڈیا ڈیپارٹمنٹ میں اہم کردار ادا کیا۔
اپنے استعفے پر بات کرتے ہوئے سمیع الحسن نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے ایک اعزاز رہا اور وہ مستقبل میں بھی میڈیا برادری سے روابط قائم رکھیں گے۔