چیمپئنز ٹرافی: نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کیخلاف پہلے بیٹنگ چُن لی

لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ اہم میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے جہاں دونوں ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے میدان میں اتری ہیں۔

ٹاس کے بعد کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے کہا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے اور ہم بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ نے اس وکٹ پر پہلے بھی میچز کھیلے ہیں، جس کا تجربہ فائدہ دے گا۔

سینٹنر کے مطابق، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور بہترین کارکردگی دکھا کر مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو ان کی ترجیح بھی پہلے بیٹنگ ہی ہوتی۔

واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔