جنوبی افریقی بیٹر ڈیوڈ ملر نے چیمپئنز ٹرافی میں تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، انہوں نے سابق بھارتی بیٹر وریندر سہواگ کا 23 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
بدھ کے روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں ڈیوڈ ملر نے 67 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ یہ چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کی تیز ترین سنچری ہے، تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔
میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 362 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقا کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 312 رنز تک پہنچ سکی اور 50 رنز سے شکست کھا گئی۔
ملر کی شاندار اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ اس سے قبل وریندر سہواگ نے 2002 میں انگلینڈ کے خلاف کولمبو میں 77 گیندوں پر سنچری بنائی تھی جو اس وقت کا ریکارڈ تھا۔ رواں چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا کے جوش انگلس نے بھی انگلینڈ کے خلاف اتنی ہی گیندوں پر سنچری بنا کر سہواگ کا ریکارڈ برابر کیا تھا، مگر ملر نے اب نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔