جنوبی افریقا ایک بار پھر ناکام، نیوزی لینڈ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا

جنوبی افریقا کی ٹیم ایک بار پھر بڑے ایونٹ کے فیصلہ کن مرحلے میں ناکام رہی، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے اسے 50 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے۔ کیوی بیٹرز راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے شاندار سنچریاں اسکور کیں، دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 164 رنز کی شراکت قائم کی۔ رویندرا نے 108 رنز جبکہ ولیمسن نے 102 رنز بنائے۔ ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے بھی زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، دونوں نے 49-49 رنز بنائے۔

جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز ہی بنا سکی۔ ڈیوڈ ملر کی جارحانہ سنچری (100* رنز) بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ وین ڈر ڈوسین نے 69، ٹیمبا باؤما نے 56 اور ایڈن مارکرم نے 31 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کے باؤلرز میں مچل سینٹنر نے 3، جبکہ گلین فلپس اور میٹ ہنری نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔