لاہور بلوز کی شاندار فتح، قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد میں کھیلے گئے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں لاہور بلوز نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے پشاور کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

لاہور بلوز کی قیادت حسین طلعت نے کی، جبکہ پشاور کے کپتان افتخار احمد تھے۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور کی ٹیم بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہی اور 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 110 رنز بنا سکی۔

پشاور کی بیٹنگ مشکلات کا شکار
ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صاحبزادہ فرحان صرف 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ کپتان افتخار احمد نے 34 اور وکٹ کیپر ذوالکفل نے 32 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ لاہور بلوز کے بولر محمد سلمان مرزا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عرفان نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

لاہور بلوز کی آسان کامیابی
111 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لاہور بلوز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 16 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔ عمر صدیق نے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ جنید علی 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایوارڈز کی تقسیم

  • پلیئر آف دی میچ: محمد سلمان مرزا (4 وکٹیں)

  • بہترین بیٹر: صاحبزادہ فرحان (605 رنز، 121 کی اوسط)

  • بہترین بولر: حسن علی (13 وکٹیں، سیالکوٹ)

  • بہترین وکٹ کیپر: محمد اخلاق (4 کیچز، 2 اسٹمپڈ، 114 رنز)

  • پلیئر آف دی ٹورنامنٹ: صاحبزادہ فرحان

واضح رہے کہ سیمی فائنل میں لاہور بلوز نے ملتان کو 5 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔