پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر حسن نواز نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ حسن نواز نے 5 میچز کی سیریز کے آخری میچ میں بغیر کسی رن کے آؤٹ ہو کر یہ ریکارڈ قائم کیا۔
16 مارچ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں اپنے انٹرنیشنل ڈیبیو کے ساتھ ہی ان کا آغاز مایوس کن رہا، کیونکہ وہ ابتدائی دو میچز میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ لیکن تیسرے میچ میں انہوں نے شاندار واپسی کی، 44 گیندوں پر سنچری بنا کر پاکستان کی جانب سے تیز ترین سنچری کا اعزاز حاصل کیا۔
چوتھے میچ میں وہ صرف ایک رن بنا سکے، جبکہ آخری میچ میں جیکب ڈفی کی گیند پر دوبارہ صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ اس طرح، انہوں نے 5 میچز کی سیریز میں تین بار صفر پر آؤٹ ہو کر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی اوپنر کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔