علی ترین کے بعد ایک اور فرنچائز اونر کا "پی ایس ایل ماڈل" پر اعتراض

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے یہ بات کہی ہے کہ لیگ میں فرنچائزز کی اصل ملکیت اور حقوق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پاس ہیں، جبکہ فرنچائز مالکان صرف نگران کی حیثیت رکھتے ہیں۔

عاطف رانا کے مطابق، پی ایس ایل کے موجودہ ماڈل کی وجہ سے فرنچائزز کو مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اور جب تک اس میں بہتری نہیں لائی جائے گی، لیگ کی ترقی ممکن نہیں ہوگی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل کے معاملات پر پچھلے 10 سالوں میں مختلف چیئرمینز سے بات چیت کی گئی ہے، مگر کوئی خاص پیشرفت نہیں ہو سکی۔ ان کے خیال میں، فرنچائزز کو حقیقی ملکیت دیے بغیر لیگ کو مستحکم نہیں کیا جا سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کے مالکان نے سوچ سمجھ کر ٹیم خریدی ہوگی، چیلنجز تو ہر جگہ ہوتے ہیں۔ علی ترین جو نکات اٹھا رہے ہیں وہ بالکل درست ہیں، مگر ان کا فورم اور وقت مناسب نہیں ہے۔

عاطف رانا نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کو بڑا بنانے کے لیے آمدنی کا ایک درست نظام ہونا ضروری ہے، اور لیگ کے طویل المدتی استحکام کے لیے مالکانہ حقوق کی فراہمی ایک اہم عنصر ہے۔