پاکستان سپر لیگ (PSL) کی تاریخ میں کئی اسٹار کھلاڑیوں کے ٹریڈز ہوئے، مگر بابر اعظم کا کراچی کنگز سے الگ ہونا ایک بڑی خبر بن گیا تھا۔ اب ٹیم کے مالک سلمان اقبال نے اس علیحدگی کی اصل وجہ بیان کر دی ہے۔
سلمان اقبال کے مطابق بابر اعظم اور ٹیم مینجمنٹ کے درمیان اختلاف کی جڑ ان کی بیٹنگ پوزیشن تھی۔ "ہم چاہتے تھے کہ وہ نمبر 3 پر آئیں تاکہ بیٹنگ لائن میں توازن رہے، لیکن بابر ہمیشہ اوپننگ کو ترجیح دیتے ہیں اور وہ اپنا انداز تبدیل کرنے پر آمادہ نہ تھے"، سلمان نے بتایا۔
یہ اختلاف کسی وقتی فیصلے کا نتیجہ نہیں بلکہ کئی مشاورتوں اور اندرونی بات چیت کے بعد سامنے آیا۔ بالآخر 2023 کے سیزن سے قبل کراچی کنگز نے انہیں ریلیز کر دیا، اور وہ پشاور زلمی میں شامل ہو گئے جہاں انہیں کپتان مقرر کیا گیا۔
بابر اعظم کا اوپنر کی حیثیت سے ریکارڈ بھی ان کی ضد کو درست ثابت کرتا ہے — 90 اننگز میں سے 76 میں اوپننگ کرتے ہوئے 3,103 رنز، 47.01 کی اوسط، اور 129.13 کا اسٹرائیک ریٹ۔ ان کا ماننا ہے کہ وہ بطور اوپنر بہتر کھیل پیش کرتے ہیں، اور یہی ان کی کامیابی کا راز بھی رہا ہے۔