سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیم ڈائریکٹر مقرر

پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد کو پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ٹیم ڈائریکٹر بنا دیا گیا۔

فرنچائز کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے ایک اثاثہ ہیں۔ انہوں نے بطور کپتان 2019 میں پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتوایا اور لیگ کے آغاز سے ہی فرنچائز کے کلیدی کرداروں میں شامل رہے ہیں۔

ندیم عمر کا مزید کہنا تھا کہ سابق ٹیسٹ کپتان معین خان ہیڈ کوچ اور سرفراز احمد بطور ٹیم ڈائریکٹر ہمارے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ سرفراز احمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے 86 میچز کھیلے اور 7 نصف سنچریز کی مدد سے 1525 رنز بنائے۔

سرفراز احمد نے پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، لیکن بعد ازاں انہیں ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔ فرنچائز نے انہیں رواں ماہ کے شروع میں ریلیز کیا تھا۔