ٹرین کا سفر

روزنامہ آج میں شائع ہونے والے بعض کتابوں سے اقتباس کیلئے قارئین کی جانب سے دوبارہ اشاعت کا کہا جاتا ہے‘ آج کا شائع ہونے والا اقتباس معروفمصنف اور براڈکاسٹر رضا علی عابدی کے نشر پروگرام کا منتخب حصہ ہے۔ مصنف لکھتے ہیں ادھر سورج نکلا ٗادھر بھکر سے میری ٹرین ڈیرہ غازی خان کی طرف روانہ ہوئی‘ ٹرین فراٹے بھرتی ہوئی لیہ کی طرف چلی‘ یوں لگا کہ پنجاب کی سرزمین میں مانگ نکالتی جا رہی ہو‘راستے میں جگہ جگہ گاؤں آنے لگے‘ صاف ستھرے گاؤں۔ ان کی لپی پتی روشن دیواریں‘ ان میں بسنے والے بھی ویسے ہی اچھے یہ جن پر صبح کی پہلی دھوپ کا نکھار تھا‘ بچے سڑک کے 
کنارے کھڑے تھے اور سکول جانے کیلئے شاید بس کا انتظار کر رہے تھے لڑکیاں بھی نیلی قمیض اور صاف سفید شلوار پہنے‘لال دوپٹے اوڑھے سکول جا رہی ہیں یہ سب پڑھ لکھ جائیں گے تو کتنا اچھا ہوگا۔ذرا آگے چلے تو راستے میں باغات آگئے جن کے درختوں کی شاخیں پھلوں کے بوجھ سے جھکی جھکی جا رہی تھیں‘کوئلے کی بھٹیاں سلگ رہی تھیں جن سے ہلکی رنگت کا دھواں اُٹھ رہا تھا‘ جب میں بھکر سے اس ٹرین میں سوار ہوا تو اس کے کنڈیکٹر گارڈ آگئے‘صبح مجھے ناشتہ نہیں مل سکا تھا میں بھوکا تھا‘وہ میرے لئے حلوہ پوری لے آئے اور اپنی چائے میں بھی سانجھا کرنا چاہتے تھے مگر دوسری پیالی نہیں تھی‘وہ لپک کر برابر کے ڈبے میں گئے اور کسی مسافر کی پیالی لے آئے۔ہم دونوں دیر تک باتیں کرتے رہے۔ اس دوران ہماری گاڑی لیہ سے آگے نکل گئی‘ تھوڑے فاصلے پر گاؤں تھے کہیں کوئی علاقہ ویران نہیں تھا۔