سندھ کے 26 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ، 303 اُمیدوار مدمقابل، سیکیورٹی سخت

سندھ کے 26 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہوگئی جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سندھ کے 26 اضلاع میں بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات آج ہو رہے ہیں، جس کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

پولنگ کے لیے سامان کی ترسیل کے مرحلے سمیت تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں، ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی کی 10، حیدرآباد کی 5، نواب شاہ اور اسکرنڈ کی 4، سکھر اور ٹنڈو محمد خان کی 2،2، ٹندوآلہ یار اور گھوٹکی کی 1،1 نشست پر الیکشن ہورہے ہیں، اس کے علاوہ لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، جیکب آباد، نوشہرو فیروز، میرپور خاص، مٹیاری اور ٹھٹھہ کی بھی ایک ایک بلدیاتی نشست پر الیکشن ہے۔

انتخابات کے لیے کُل 77 میں سے 42 بلدیاتی نشستوں پر 388 امیدوار مدمقابل ہیں، 31 نشستوں پر پہلے ہی امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

کراچی کے 6 اضلاع سے 85 جبکہ دیگر 14اضلاع سے 303 امیدوار میدان میں ہیں تاہم 4 نشستیں درست کاغذات جمع نہ کرانے پر اب بھی خالی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، صوبے میں 274 پولنگ اسٹیشنز میں سے 213 کو انتہائی حساس اور 50 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔