ضلع کرم میں قبائل کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری، رات سے اب تک جھڑپوں میں 18 افراد جاں بحق

ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں قبائل کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور رات سے اب تک جھڑپوں میں 18 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔

لوئر کرم کے علاقے علیزئی اور بگن سمیت کئی علاقوں میں مختلف قبائل کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ رات سے اب تک جھڑپوں میں 18 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے بتایاکہ فائرنگ کے تبادلے میں دکانوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا، حالات کشیدہ ہونے کے باعث دکانیں اور تمام تعلیمی ادارے بند ہیں، علاقے سے لوگوں کی نقل مکانی کا بھی سلسلہ شروع ہوگیا۔

جمعرات کی صبح ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سے پشاور اور پشاور سے پاراچنار کے لیے 200 گاڑیوں پر مشتمل کانوائے روانہ ہوا تھا۔ مسافر گاڑیوں کے پہنچتے ہی مسلح افراد نےگاڑیوں پر اندھادھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 45افراد جاں بحق ہوئے تھے۔