دنیا کا سب سے بڑا راکٹ چاند پر اترنے کی کانسیپٹ تصویر ناسا نے شیئر کردی

آئندہ چند برسوں میں اسپیس ایکس کا تیار کردہ اسٹار شپ راکٹ چاند کی سطح پر انسانوں کو پہنچائے گا۔

دنیا کے سب سے بڑے راکٹ پر ناسا کا اورین اسپیس کرافٹ بھی موجود ہوگا جس کے ذریعے 5 دہائیوں سے زائد عرصے بعد انسان چاند پر دوبارہ قدم رکھیں گے۔

یہی وجہ ہے کہ ناسا کی جانب سے ایک کانسیپٹ تصویر جاری کی گئی ہے جس میں اسٹار شپ کو چاند پر دکھایا گیا ہے۔

ناسا نے اورین اسپیس کرافٹ کو استعمال کرکے 4 خلا بازوں کو چاند کے مدار پر بھیجنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

اس کے بعد اسٹار شپ 2 خلا بازوں کو چاند کی سطح پر لے جائے گا جہاں وہ نمونے اکٹھے کریں گے۔

یہ خلا باز سائنسی تجربات اور چاند کے ماحول کا مشاہدہ بھی کریں گے، پھر اسٹار شپ میں سوار ہوکر اورین اسپیس کرافٹ میں پہنچ جائیں گے۔

ناسا نے بتایا کہ 2026 میں آرٹیمس 3 مشن کے ذریعے انسانوں کو چاند پر اتارا جائے گا، مگر اس سے قبل اسٹار شپ بغیر کسی فرد کے چاند پر لینڈنگ کا مظاہرہ کرے گا تاکہ اس کی صلاحیت کا جائزہ لیا جاسکے۔

دنیا کا سب سے بڑا راکٹ چاند پر اترنے کی کانسیپٹ تصویر ناسا نے شیئر کردی
اسٹار شپ سے چاند پر اترنے والے خلا بازوں کی کانسیپٹ فوٹو / فوٹو بشکریہ ناسا

اسے اسٹار شپ ہیومین لینڈنگ سسٹم (ایچ ایل ایس) کا نام دیا گیا ہے۔

مگر ابھی اسٹار شپ اور اورین دونوں کے حوالے سے کافی کام ہونا باقی ہے۔

ناسا کی جانب سے ابھی آرٹیمس 2 مشن پر کام کیا جا رہا ہے جس کے تحت 4 خلا بازوں کو چاند کے مدار پر بھیجا جائے گا۔

یہ مشن ستمبر 2025 میں بھیجے جانے کا امکان ہے مگر اس میں شامل خلا بازوں کو چاند پر نہیں اتارا جائے گا۔

خلا باز اورین اسپیس کرافٹ پر سوار ہوں گے تاکہ اس کی آزمائش کی جاسکے اور یہ مشن 10 دن تک جاری رہے گا۔