صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
صدر آصف زرداری نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں 16 بہادر جوانوں کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے، دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں خوارج نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی تھی جہاں 16 جوان شہید ہوگئے تھے۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔