بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے 15 پولنگ سٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے، اس حوالے سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہو چکی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی، پی بی 45 کوئٹہ کے حلقہ پر مجموعی طور پر 34 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
پی بی 45 کوئٹہ کے حلقہ پر 4 امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ ہے، پیپلزپارٹی کے علی مدد جتک اور جمعیت علماء اسلام کے میرعثمان پرکانی امیدوار ہیں، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے نصراللہ زیرے اورپشتونخوا میپ کے مجید خان اچکزئی امیدوارہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ حلقے میں 15 پولنگ سٹیشنز پر 16855 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، ری پولنگ کیلئے مجموعی طورپر 51 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، پی بی 45 کے تمام پولنگ سٹیشنز کو حساس قراردیا گیا، سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ الیکشن ٹریبونل نے پی بی 45 کوئٹہ کے 15 پولنگ سٹیشن پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔
8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں پی بی 45 سے پیپلزپارٹی کے علی مدد جتک کامیاب ہوئے تھے، جمعیت علماء اسلام کے امیدوار عثمان پرکانی نے الیکشن ٹریبونل میں علی مدد جتک کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔