میٹا کا باتیں لیک کرنیوالے ملازمین کیخلاف جاری انتباہ بھی ’لیک‘

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی میٹنگز میں کی گئی باتیں لیک کرنے والوں کے لیے جاری کیا گیا انتباہ لیک ہوگیا۔

میٹا سی ای او مارک زکربرگ میٹنگز کی باتیں باہر آنے سے ناخوش ہیں اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کمپنی نے ایک میمو جاری کیا جس میں خبردار کیا گیا کہ خبریں لیک کرنے والے کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔

مارک زکربرگ نے حال میں منعقد ہونے والی آل ہینڈز میٹنگز (جن میں کمپنی کے تمام ملازمین شریک ہوتے ہیں) میں حساس نوعیت کی معلومات شیئر کی تھیں، جن میں کمپنی کے ڈی ای آئی پروگرامز کو ختم کرنے کے فیصلے پر کمنٹری بھی شامل تھی۔

اس سے قبل میٹا ملازمین کو کھلے عام سوالات پوچھنے کی اجازت تھی، جس کے حوالے سے سب اپنے ووٹ دیا کرتے تھے۔ تاہم، وہ ووٹ دیکھے نہیں جا سکتے تھے۔

مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ وہ بات کم کریں گے کیوں کہ جو بھی وہ کہتے ہیں وہ بات باہر آجاتی ہے۔

میٹا کے سیکیورٹی چیف گائے روزن کی جانب سے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اندرونی میمو جاری کیا گیا جس میں خبردار کیا گیا کہ باتیں لیک کرنے والوں کو نوکری سے نکال دیا جائے گا۔

بعد ازاں کمپنی کی جانب سے جاری کیا گیا تنبیہی میمو بھی لیک ہوگیا۔