اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 24 سابق ارکان اسمبلی نااہل قرار

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 24 سابق ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کو اثاثے ظاہر نہ کرنے پر انتخابی عمل سے نااہل قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یہ فیصلہ مالی سال 2022-23ء کے گوشوارے فارم بی جمع نہ کرانے پر کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جب تک یہ افراد اپنے اثاثوں کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کرتے، وہ کسی بھی قسم کے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔

قومی اسمبلی سے نااہل ہونے والوں میں بڑے نام شامل ہیں جن میں خرم دستگیر خان، محسن نواز رانجھا، اور محمد عادل نمایاں ہیں۔ دیگر نااہل ارکان میں رانا محمد اسحاق، کمال الدین، عصمت اللہ، ثمینہ مطلوب، نصیبہ، شمیم آرا پنور اور روبینہ عرفان شامل ہیں۔

سندھ اسمبلی کے جن سابق ارکان کو نااہلی کا سامنا کرنا پڑا، ان میں عدیل احمد، حزب اللہ بھگیو، ارسلان تاج، عارف جتوئی، عمران علی شاہ، علی غلام اور طاہرہ شامل ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کے سابق اراکین میں میر سکندر علی، میر محمد اکبر، یار محمد رند، عبدالرشید، عبدالواحد صدیقی، میر حمال اور بی بی شاہینہ شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کا یہ اقدام آئندہ انتخابات سے قبل شفافیت کے حوالے سے اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔