میانوالی میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 3 دہشت گرد ہلاک، 6 فرار ہوگئے

میانوالی کے علاقے رحمانی خیل موڑ کے قریب محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کےدرمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 خطرناک دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ میانوالی کے علاقے رحمانی خیل موڑ کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 خطرناک دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ 6 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے رائفلیں، 3 دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے جبکہ مفرور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے رمانی خیل موڑ کے قریب ناکہ بندی کرلی ہے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد پولیس چوکیوں پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے۔

ساہیوال سے فتنۃ الخوارج کا دہشت گرد گرفتار

دوسری جانب ساہیوال میں سی ٹی ڈی پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق امیر حمزہ نامی دہشت گرد کو نہر لوئر باری دوآب پاسکو آفس کے قریب سے گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے بارودی مواد، پرائما کارڈز، ڈیٹونیٹر، بیٹری، الیکٹرک سرکٹ اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بلا کر بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد بستی شادو خاں ضلع لیہ کا رہائشی ہے اور شہر کے مختلف مقامات پر دہشت گرد کی کارروائیاں کرکے خوف و ہراس پھیلانا چاہتا تھا، دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔