معروف براڈ کاسٹر آغا ناصر لکھتے ہیں کہ رات کافی بیت گئی تھی جب ٹیکسی ہوٹل ماﺅنٹ پلیزنٹ کے سامنے رکی ‘ ہوٹل میں استقبالیہ کے نیم خوابیدہ کلرک کو بیدار کیا اس بوڑھے انگریز نے مجھے چیک ان کرایا اور پھر بڑی گرم جوشی سے مصافحہ کرکے رخصت ہو گیا ‘ جانے سے پہلے انہوں نے جیب سے ایک سفید رنگ کا لفافہ نکال کر مجھے دیا اور کہا کہ آپ سونے سے پہلے اس میں رکھے ہوئے خط کو پڑھ لیں ‘ کیونکہ اس میں صبح کیلئے ضروری ہدایت ہیں۔ میں نے جلدی جلدی وہ لفافہ کھولا اس لفافے میں برٹش کونسل میں میری پروگرام ایڈیٹر ‘ مس روز میری کا خط تھا ۔ ڈئیر آغا میں آپ کو لندن میں خوشی آمدید کہتی ہوں ‘ مجھے افسوس ہے کہ آپ کے جہاز کی پرواز میں پانچ گھنٹے سے زیادہ تاخیر ہوئی جو یقینا آپ کےلئے بے آرامی کا سبب بنی ہو گی ‘ آپ کے ٹریننگ سنٹر میں کل صبح نو بجے سے تربیت کا آغاز ہو گا نو بجے ٹریننگ سٹوڈیو میں آپ کاپہنچنا ضروری ہے‘ ۔
آپ اپنے ہوٹل سے سوا آٹھ بجے نکلیں تو ٹھیک نو بجے اپنے ٹریننگ سنٹر میں پہنچ جائیں گے‘ لفافے میں آپ کی سہولت کےلئے کچھ کیش رقم بھی رکھ دی گئی ہے تاکہ آپ کل صبح بس اور ریل کے ٹکٹ اور دوپہر کے لنچ کے اخراجات ادا کر سکیں ‘میں نے خط سے منسلک ہدایت نامہ پڑھنا شروع کیا‘آٹھ بجے آپ ہوٹل کے دروازے سے باہر نکلیں اور سیدھے ہاتھ مڑ جائیں سڑک پر پانچ منٹ چلنے کے بعد آپ ٹریفک لائٹ کے چوراہے پر پہنچ جائیں گے یہاں سے آپ پھر ایک بار دائیں جانب مڑ جائیں ‘ دومنٹ چلنے کے بعد آپ کو اپنے بائیں جانب رسل سکوائر کے انڈر گراﺅنڈ سٹیشن کا بورڈ نظر آئےگا آپ سڑک پار کرکے ٹیوٹ سٹیشن میں چلے جائیں اور بیکر سٹریٹ کا ٹکٹ خریدیں ‘ ساتھ ہی ٹکٹ فروخت کرنےوالے سے انڈر گراﺅنڈ ریلوے کا نقشہ بھی طلب کر لیں جو آپ کےلئے لندن میں قیام کے دوران بڑامددگار ثابت ہو گا یہاں سے آپ بس کے ذریعہ ریجنٹ پارک پر جا کر اتریں سڑک کے دوسری جانب مینس فیلڈ لاج میں ٹیلی ویژن ٹریننگ سینٹر کی عمارت ہے مگر یاد رکھئے بس سٹاپ سے اترتے ہی سڑک پار کرنے کی کوشش نہ کیجئے گا‘ تھوڑا سا آگے جائیں اور سگنل کے پاس زیبراکراسنگ سے سڑک پار کریں یہ بات خاص طور پر اس لئے بتائی جا رہی ہے کہ اس سڑک پر ٹریفک بہت تیز ہوتی ہے۔