ادبی تنظیم کاقیام

 وطن عزیز میں ادبی تنظیموں کا کردار ہمیشہ اہمیت کا حامل رہا ہے معروف براڈ کاسٹر آغا ناصر رائٹرز گلڈ کے حوالے سے اپنی یادداشتوں مےں لکھتے ہےں‘ 1958ءمیں شاہد احمد دہلوی ‘قرة العین حیدر اور جمیل الدین عالی نے رائٹرز گلڈ کی داغ بیل ڈالی قدرت اللہ شہاب کو اس کا سیکرٹری جنرل بنایا گیا اور یوں ادیبوں کا ایک بڑا ادارہ وجود میں آیا کراچی ریجن کی گلڈ میں میرا نام بھی شامل تھا ریجن کے سیکرٹری طفیل احمد جمالی تھے وہ مجھے بہت پسند کرتے تھے انہوں نے مجھے ریجن کے الیکشن میں اپنے پینل میں شامل کرلیا اس طرح میں پاکستان رائٹرز گلڈ کی ایگزیکٹو کا ممبر منتخب ہوگیا اب ادبی حلقوں میں میرا رتبہ اور بلند ہوگیا‘کراچی کے نامور ادیبوں‘شہرت یافتہ شاعروں اور دانشوروں سے میری ملاقاتوں کے سلسلے بڑھتے گئے پھر جب ایک کل پاکستان کنونشن میں شرکت کےلئے لکھنے والوں کا وفد ملتان گیا تو میں بھی اس میں شامل تھا اس کنونشن میں جو خواجہ فریدؒ کے عرس کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا سارے ملک سے ادیب اور شاعر شرکت کے لئے آئے تھے اس موقع پر میری ملاقات بہت سی ایسی شخصیات سے ہوئی جن سے گفتگو کرنے کی خواہش ہمیشہ سے میرے دل میں تھی ‘گلڈ کے قیام کے سلسلہ میں شہاب نے اپنی کتاب’ شہاب نامہ‘ میں اسکا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے ایک روز میں اپنے دفترمیں بیٹھا کام کررہا تھا کہ اچانک قرة العین حیدر‘جمیل الدین عالی‘ غلام عباس ‘ابن الحسن اور عباس احمد عباسی تشریف لائے باتوں باتوں میں انہوں نے کہا کہ آج کل ہر محفل میں گفتگو کا رخ مارشل لاءکی طرف مڑ جاتا ہے۔

 ادیبوں میں بھی اس موضوع پر مختلف النوع خیال آرائیاں ہوتی رہتی ہےں چند دوستوں کا خیال ہے کہ اب تک ہمارے ملک میں ادیبوں کی فلاح وبہبود کےلئے کسی نے سوچا ہے نہ کبھی کچھ کہا ہے‘ آج کل جب یہ فوجی حکومت زندگی کے ہرشعبہ میں تعمیر‘ ترقی و بہبود کے نت نئے کام کرنے کی کاوش کررہی ہے تو موقع ہے کہ اس بات کو آزماکر دیکھیں کہ حکومت کے بلند وبانگ دعوﺅں میں ادیبوں کی ویلفیئر کےلئے بھی کوئی گنجائش نکل سکتی ہے یا نہےں؟انہوں نے مزید بتایا کہ بابائے اردو کی موجودگی میں بھی یہ تذکرہ آچکا ہے اور وہ بھی اس قسم کی کوشش کے حق میںمائل نظر آتے ہےں‘چند روز بعد یہی حضرات دوبارہ تشریف لائے اور اپنے ساتھ ایک اعلان کا مسودہ بھی لائے جو انہوں نے ادیبوں کا کنونشن بلانے کےلئے تیار کیا تھا‘29,30,31 جنوری 1959کو کل پاکستان رائٹرز کنونشن کراچی میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے 212ادیب شریک ہوئے سب مندوبین نے اتفاق رائے سے گلڈ کی بنیاد ڈالی دی ‘کنونشن کے افتتاحی اجلاس سے صدر ایوب نے بھی خطاب کیا آخری اجلاس میں گلڈ کا دستور منظور ہوا اور انتخاب کے ذریعہ قدرت اللہ شہاب کو صدر‘ عبدالعزیز خالد کو خازن اور جمیل الدین عالی کو افسر رابطہ منتخب کیاگیا۔