کیمبرج: پاکستان سے تعلق رکھنے والی معروف فلکی طبیعیات دان نرگس ماولوالا کو میسا چوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سکول آف سائنس کی ڈین مقرر کردیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی عالمی شہرت یافتہ نجی ریسرچ یونیورسٹی ”میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی“ (MIT)کے اسکول آف سائنس کی ڈین کے لیے معروف پاکستانی سائنس دان نرگس ماولوالا کی تقرری کی گئی ہے۔
میسا چوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو سکول آف سائنس کی ڈین مقرر کیا گیا ہے اور یہ اعزاز 52 سالہ پاکستانی سائنس دان نرگس ماولوالا کے حصے میں آیا ہے۔
نرگس ماولوالا نے ابتدائی تعلیم کراچی میں مکمل کی اور 1986ء میں امریکا چلی گئی تھیں جہاں انہوں نے فلکیات میں گریجویشن کی اور ایم آئی ٹی سے طبیعیات میں پی ایچ ڈی کرنے کے بعد اسی ادارے میں درس و تدریس اور تحقیق سے وابستہ ہوگئی تھیں۔
نرگس ماولوالا 2002 سے میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ سے وابستہ ہیں تاہم انہیں عالمی شہرت کشش ثقل کی لہروں کا پتہ لگانے کے لیے ایک پروٹو ٹائپ لیزر انٹرفرومیٹر بنانے کے بعد ملی تھی۔