پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ برس جنوبی افریقہ کا دورہ کریگی، پی سی بی نے تصدیق کردی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ برس اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے تصدیق کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کا اپریل میں ہونے والا دورہ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز پر مشتمل ہوگا، تینوں ون ڈے آئی سی سی مینز ورلڈ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

جنوبی افریقہ کے ساتھ پی سی بی نے زمبابوے کا دورہ کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ دورہ ابتدائی طور پر رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں شیڈول تھا، دورہ جنوبی افریقہ میں کوویڈ19 کے پھیلاؤ کی وجہ سے ملتوی کیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دورہ زمبابوے پر بھی آمادگی ظاہر کردی، 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20میچوں پر مشتمل دورے کی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

خیال رہے کہ اگلے سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کا دورہ بھی کرے گی البتہ اس حوالے سے اب تک کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی ٹیم کی آمد کی تاریخ بتائی گئی ہے۔