جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے تمام عہدیدار مستعفی

جوہانسبرگ:جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ(سی ایس اے)کے  قائم مقام صدر بیرس فورڈ ولیمز سمیت تمام ممبران نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔

 غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ اتوار کو جنوبی افریقہ کے بورڈ کے چھ ارکان نے استعفیٰ دیا تھا جب کہ گزشتہ روز باقی چار ممبران بھی مستعفی ہو گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز کمیٹی نے بورڈ کے تمام ممبران کو عہدوں سے استعفیٰ دینے کا کہا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل یہ اطلاعات آئی تھیں کہ جنوبی افریقہ کی حکومت بورڈ کے انتظامی امور میں مداخلت کا ارادہ رکھتی ہے جس کی وجہ سے کرکٹ بورڈ  پر بین الاقوامی کرکٹ سے پابندی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے وزیر کھیل ناتھی میتھیتھوا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے آئی سی سی کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے آئین کے مطابق بورڈ کے امور میں سرکاری مداخلت ممنوع ہے اور ارتکاب پر جنوبی افریقہ پر انٹرنیشنل میچوں پر پابندی لگ سکتی ہے۔